وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں اہم تبدیلی کا عندیہ دیدیا، ذرائع

وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں اہم تبدیلی کا عندیہ دیدیا، ذرائع

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے بعد سے ملک کی سیاسی صورتحال دن بدن تبدیل ہو رہی ہے۔ خبریں ہیں کہ وزیراعظم عمران خان اب پنجاب میں بھی اہم تبدیلی کا عندیہ دیدیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی سینئر لیڈرشپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے عندیہ دیا کہ پنجاب کے انتظامی امور میں اہم تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے جن تبدیلیوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان کا وزیراعلیٰ پنجاب سے تعلق نہیں ہے۔

اس اہم اجلاس میں وزیراعظم نے ٹاسک دیا کہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کیلئے اراکین کی حمایت حاصل کی جائے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب اتحادیوں کا بھی مکمل اعتماد حاصل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو پنجاب حکومت کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خبریں زیر گردش تھیں کہ وفاقی حکومت نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ دینے کی پیشکش کی ہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری سے اہم ملاقات کی تھی جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

تاہم عبدالغفور حیدری نے میڈیا میں حکومتی پیشکش کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملاقات میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔