ناکام حکومت کی وجہ سے ریاست کا ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے: احسن اقبال

State structure is weakening due to failed government: Ahsan Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس ناکام حکومت سے پاکستان کا ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے۔ ہماری سفارت اس حد تک تباہ ہو چکی ہے کہ کہ ہمیں اب یہ نہیں پتا کہ ہم چین کے ہیں یا امریکہ کے۔

احسن اقبال کا احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کو صرف دو کام آتے ہیں تقریر کروا لیں یا چندہ اکٹھا کروا لیں۔ یہ اناڑی، جاہل اور ناکام لوگ ہیں، انہوں نے ملک کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیل دیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سوشل میڈیا کے ٹرینڈز بنانے پر زندہ ہے، ان کو عوام کے مسائل کا پتا ہی نہیں ہے۔

اپنے مقدمے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم بے بنیاد اور جھوٹے کیس بھگت رہے ہیں۔ میرے اوپر ریفرنس میں مالی بد عنوانی کا الزام نہیں بلکہ اختیارات کے غلط استعمال کا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نارووال سپورٹس کمپلیکس پاکستان کا پہلا جدید ترین کمپلیکس تھا لیکن 3 سال میں اسے بھوت بنگلہ بنا دیا گیا۔ ہر شہری ہماری حکومت کے منصوبوں کے ثمر کھا رہا ہے۔ پورے ملک میں لوگ ہمارے بنائی موٹرویز پر سفر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے جھوٹے کیسز عدالتوں کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ہمارے ملک کا ریجکٹڈ وزیراعظم سری لنکا میں ٹویٹ کرتا ہے کہ میں نے وہاں سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا ہے لیکن ملک میں بین الاقوامی معیار کے سپورٹس سٹی کمپلیکس کو کھنڈر بنا دیا گیا۔