عثمان بزدار نے پنجاب میں 32ارکان کا اپنا الگ پریشر گروپ بنالیا ہے:عظمیٰ بخاری

Uzma Bukhari, PMLN, PDM, PPP, Usman Buzdar, CM Punjab

لاہور : مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ عثمان بزدار نے پنجاب میں 32ارکان کا اپنا الگ پریشر گروپ بنالیا ہے۔عمران خان عثمان بزدار کو ہٹانے کی غلطی کبھی نہیں کر سکتے،ایک اسلام آباد میں بیٹھے ایماندار نے قوم کو چینی،گندم،پیٹرول،ادویات میں ہزار ارب سے زائد کا ٹیکہ لگادیا،دوسرے لاہور میں بیٹھے ایماندار نے پنجاب اپنے فرنٹ مینوں کے حوالے کر دیا ہے۔

عظمٰی بخاری نے انکشاف کیا کہ عثمان بزدار آج بھی اپنا تعارف کرانے کیلئے شہبازشریف کا نام استعمال کرتا ہے۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کافردوس عاشق کے بیان پر ردعمل میں کہاجس شخص کی اپنی کوئی پہچان نہیں اس کو گیارہ کروڑ کی آبادی والے صوبے پر مسلط کردیا ہے۔

 عثمان بزدار جیسا ڈمی شخص جب تک وزیراعلیٰ رہے گا پنجاب میں مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن عروج پر رہے گی، عثمان بزدار نے 32ایم پی اے پر مشتمل اپنا گروپ بنالیا ہے اس لیے عمران خان اب اس کو ہٹانہیں سکتے۔

 عمران خان نے جس دن عثمان بزدار کو ہٹانے کا فیصلہ کیا عثمان بزدار اپنا الگ گروپ لے کر سامنے آئیں گے۔چیئر مین سینیٹ اب یوسف رضاگیلانی ہی بنیں گے حکومت جیتنا چاہیے مرضی زور لگا لے۔عمران خان واحد وزیر اعظم ہیں جو اپنے ارکان کو ہی اغواء کرلیتے ہیں۔