ٹک ٹاک سٹار نے شادی کی پیشکش قبول نہ ہونے پر خودکشی کر لی

ٹک ٹاک سٹار نے شادی کی پیشکش قبول نہ ہونے پر خودکشی کر لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے تہکال میں مقامی ٹک ٹاک سٹار شہزاد احمد نے مبینہ طور پر شادی کی پیشکش ٹھکرائے جانے پر خودکشی کر لی جبکہ مقامی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہزاد کے ٹک ٹاک ایپلی کیشن پر 0.3 ملین فالوورز ہیں جبکہ وہ ماضی قریب میں بھی کئی مرتبہ اپنی زندگی کے خاتمے کی کوشش کر چکا تھا تاہم اس میں کامیاب نہ ہو سکا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ شہزاد کے بھائی سجاد کی جانب سے انہیں شکایت موصول ہوئی کہ ہفتے کے روز وہ اپنے بھائی کو تلاش کر رہا تھا تاہم وہ اپنے کمرے میں نہ ملا۔ 
اس نے کہا کہ جب وہ دوسرے کمرے میں گیا تو وہاں شہزاد کا مردہ جسم پنکھے کیساتھ جھول رہا تھا جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ سجاد نے پولیس سٹیشن میں درج کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ شہزاد ایک لڑکی کیساتھ پیار میں کرتا تھا اور اسے کئی مرتبہ شادی کی پیشکش بھی کی مگر اسے نے ہر مرتبہ پیشکش ٹھکرا دی جس کے باعث وہ بہت زیادہ پریشان تھا اور خودکشی کر لی۔ 
شہزاد کے ایک قریبی دوست عامر نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہزاد ٹک ٹاک سٹار تھا اور اسے کے لاکھوں فالوورز تھے۔ دو سال قبل ایک لڑکی نے اس سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ اس کی مداح ہے، بعد ازاں دونوں میں دوستی ہو گئی لیکن لڑکی کی عمر محض 16 سال ہے اور وہ ابھی زیر تعلیم بھی ہے۔ 
عامر نے مزید بتایا کہ شہزاد نے مذکورہ لڑکی کو شادی کی پیشکش کی جسے اس نے فوری طور پر ٹھکرا دیا اور شہزاد سے کہا کہ وہ اب دوبارہ کبھی بات کریں گے اور نہ ہی ملیں گے جس پر شہزاد نے دلبرداشتہ ہو کر 50 نیند آور گولیاں کھا لیں تاہم بروقت ہسپتال پہنچ جانے کے باعث اس کی جان بچ گئی البتہ اس واقعے کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات کچھ عرصے کیلئے ایک مرتبہ پھر بحال ضرور ہو گئے۔ 
عامر کا کہنا تھا کہ شہزاد نے ایک مرتبہ پھر اپنی مداح دوست لڑکی کو شادی کی پیشکش کی لیکن اس نے دوبارہ پیشکش ٹھکرا دی اور یوں شہزاد نے دلبرداشتہ ہو کر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ عامر نے مزید بتایا کہ لڑکی کے گھر والوں نے یہ اعتراض بھی اٹھایا تھا کہ شہزاد اپنا زیادہ تر وقت ٹک ٹاک پر صرف کرتا ہے جس پر اس نے اپنا لاکھوں فالوورز والا اکاﺅنٹ بھی ڈیلیٹ کر دیا لیکن اس کے باوجود اس کے رشتے کی پیشکش قبول نہ کی گئی۔ 
عامر نے کہا کہ میرا موقف یہ ہے کہ جب شہزاد اور لڑکی دونوں ایک دوسرے سے ملتے تھے اور وہ اسے قیمتی تحائف دیتا تھا، اس وقت لڑکی کے اہل خانہ نے کوئی اعتراض نہیں کیا جس کے باعث شہزاد میں فطری طور پر اس کیلئے جذبات پیدا ہوئے، شہزاد ایک آن لائن سٹور میں میرا پارٹنر بھی تھا اور ہم اچھا منافع کما رہے تھے۔