ڈان لیکس، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان معاملات طے پا گئے

ڈان لیکس، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان معاملات طے پا گئے

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے اور  اس اہم ملاقات میں ڈان لیکس کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی ہے۔

ملاقات میں پاک افغان سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کلبھوشن یادیو  کے معاملے اور سیکورٹی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس اہم ملاقات میں  ڈان لیکس کے معاملے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان معاملات افہام و تفہیم سے طے پا گئے ہیں اور وزیر داخلہ چودھری نثار کل اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

 ڈان لیکس کے معاملے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار کو پریس کانفرنس بھی کرنی تھی جو انہوں نے اچانک منسوخ کر دی ۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایس پی آر نے ڈان لیکس پر 29 اپریل کا ٹویٹ واپس لے لیا

اس سے پہلے   آج  چودھری نثار نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی جس میں ڈان لیکس کے نئے نوٹیفکیشن پر مشاورت کی گئی جبکہ وزیر داخلہ نے نئے نوٹیفکیشن کے مختلف پہلوؤں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور اپنی پریس کانفرنس کے حوالے سے وزیر اعظم کو اعتماد میں بھی لیا۔

یاد رہے 5 مئی کو وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی تھی جس میں ڈان لیکس پر پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے ڈان لیکس کے نوٹیفکیشن پر پاک فوج کے تحفظات کے حوالے سے بات کی جس پر وزیر اعظم نے آرمی چیف کو تحفظات دور کرنے اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا یقین دلایا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو بلا کر ڈان لیکس پر نئے نوٹیفکیشن کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

واضح رہے 29 اپریل کو پاک فوج نے ڈان لیکس کے معاملے پر حکومت کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کو مسترد کر دیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں ڈان لیکس کے حکومتی نوٹیفیکشن کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جاری کردہ رپورٹ سفارشات کے مطابق نہیں ہے۔

6 اکتوبر 2016 کو ڈان اخبار میں وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سے متعلق ایک خبر شائع ہوئی تھی جس میں کالعدم تنظیموں کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خبر پر شدید تنقید کے بعد پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں