سڑک پر سفید و زرد دھاریاں کیا کہتی ہیں؟

سڑک پر سفید و زرد دھاریاں کیا کہتی ہیں؟

لاہور:رزمرہ کی زندگی میں مختلف قسم کی چیزیں ہمارے سامنے آتی ہیں اور ہمارے سامنے مختلف قسم کے سائن بھی آتے ہیں جنہیں ہم نظر انداز کردیتے ہیں لیکن حقیقت میں ان کے معنی ہوتے ہیں جو عام لوگوں کو معلوم نہیں ہوتے ۔یہاں ہم ایسے ہی کچھ سائنزکے بارے میں آپکو آگاہ کریں گے جو آپ ہر دفعہ سفر پر جاتے دیکھتے ہوں گے لیکن کبھی سوچا نہیں ہو گا کہ اس کا کیا مطلب ہے ۔

سڑک پر موجود مختلف قسم کی دھاریاں کیا کہانی سناتی ہیں آئیے ہم آپ کو بتائیں۔

تقسیم شدہ سفید لائن

کچھ سڑکوں پر سفید رنگ کی ٹوٹی ہوئی یا تقسیم شدہ لائنز بنی ہوتی ہیں۔ یہ عموماً ان سڑکوں پر ہوتی ہیں جو مرکزی شاہراہ سے ذیلی سڑک میں تبدیل ہو رہی ہوتی ہیں اور ان پر بہت کم ٹریفک ہوتی ہے۔

ان پر بنی سفید لائنز کا مطلب ہے کہ آپ احتیاط کے ساتھ اپنی لین تبدیل کرسکتے ہیں یعنی ایک قطار سے دوسری قطار میں جا سکتے ہیں۔ لیکن احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

غیر تقسیم شدہ سفید لائن

غیر تقسیم شدہ سیدھی سفید لائنوں کا مطلب ہے کہ آپ اپنی لین کسی صورت تبدیل نہیں کر سکتے۔ یہ لائن شہر کی مرکزی اور مصروف شاہراہوں پر بنی ہوتی ہے تاکہ جلدی میں لوگ لین بدلنے سے باز رہیں اور سڑک پر کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔

تقسیم شدہ زرد لائن

ٹوٹی ہوئی زرد لائنوں کا مطلب ہے کہ آپ اپنی آگے والی گاڑی کو کراس کرسکتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے پہلے آس پاس کے ٹریفک اور راہ گیروں کا خیال رکھیں۔

غیر تقسیم شدہ ایک زرد لائن

کسی سڑک پر ایک سیدھی زرد لائن آپ کو غیر معمولی احتیاط کے ساتھ گاڑی کراس کرنے کی ہدایت دیتی ہے۔

دو زرد لائنیں

سڑک پر دو سیدھی زرد لائنیں آپ کو اپنی لین میں سیدھا گاڑی چلانے کا انتباہ کرتی ہیں۔ اس لائن کا مطلب ہے کہ گاڑیوں کو کراس کرنے کی کوشش ہرگز مت کریں۔

ایک سیدھی اور ایک تقسیم شدہ زرد لائن

ان دو لائنوں کا مطلب ہے کہ اگر آپ تقسیم شدہ لائن کے ساتھ چل رہے ہیں تو آپ اگلی گاڑی کو کراس کر سکتے ہیں۔