کراچی میں ورلڈ الیون میچز نہیں کھیل سکتی ، آئی سی سی

کراچی میں ورلڈ الیون میچز نہیں کھیل سکتی ، آئی سی سی

دبئی : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے سول اور فوجی اداروں سے ملاقات کے بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستانی ٹیم اور ورلڈ الیون کی ٹیم کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیدیم میں کھیلے جائیں گے ۔ آئی سی سی نے سیکیورٹی خدشات کے سبب ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانے سے انکار کر دیا ہے.انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو اور ہم ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانا چاہتے تھے مگر ائی سی سی کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی جس کے باعث ورلڈ الیون کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کوششوں کے طور پر آئی سی سی رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون کا پاکستان کا دورہ کرائے گی جس میں موجودہ دور کے بڑے کھلاڑی شامل ہوں گے۔شہریار خان نے بتایا کہ انہوں نے دورہ کراچی میں سول اور دفاعی اداروں سے ملاقات کی اور دونوں نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے فول پروف سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب  شہریار خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ باہمی سیریز کے حوالے سے ایم او یو ایک قانونی دستاویز ہے اورابھی تک بھارت نے ہمارے لیگل نوٹس کا تحریری جواب نہیں دیا اگر آج تک جواب نہ ملا تو آئی سی سی کی مصالحتی کمیٹی کے سامنے معاملہ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم 2 مرتبہ بنگلا دیش کا دورہ کر چکی ہے اب انہیں پاکستان آ کر کھیلنا چاہیے ان کی میزبانی کرنا ہمارا حق ہے بنگلا دیشی بورڈ ابھی اس پر آمادہ نہیں ہوا، ہم نے تحریری طور پر ان سے کہا ہے کہ ہم سے اس معاملے پر بیٹھ کر بات کریں۔