پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 51103.53 پوائنٹس پر بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 51103.53 پوائنٹس پر بند

کراچی:  پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 30.39 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 51103.53 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں2 ارب 13 کروڑ 8 لاکھ 62 ہزار 536 روپے کی کمی رونماءہوئی جبکہ تجارتی حجم میں بھی 7 ارب 20 کروڑ 30 لاکھ 68 ہزار 327 روپے کی مندی رہی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں 3 کروڑ 55 لاکھ 6 ہزار 520 حصص کا خسارہ دیکھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس 51100 پوائنٹس کی بالائی نفسیاتی حد عبور کرتا ہوا مزید 30.39 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 51103.53 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ انڈیکس میں منگل اور پیر کو بھی بالترتیب 137.23 پوائنٹس اور 1084.78 پوائنٹس کی تیزی رونماءہوئی تھی۔

مزیدبرآں بدھ کو مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ کے بعد کے ایس ای 30 انڈیکس 6.10 پوائنٹس کے اضافے سے 27164.26 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 9.86 پوائنٹس کی تیزی رہی تاہم کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 193.61 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثناءبینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 155.71 پوائنٹس کے اضافے سے 22027.37 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کی وجہ سے آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 2.97 پوائنٹس کی تیزی سے 17220.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 17.26 پوائنٹس کے اضافے سے 24209.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 375 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 187 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 172 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 16 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 151 روپے کے اضافے سے 9600 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح شپہائر ٹیکسٹائل ایکس ڈی کے حصص کی سودے بھی 92.50 روپے کی تیزی سے 2140 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ ایکس ڈی اور یونی لیور فوڈز ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ ایکس ڈی کے حصص کی قیمت 62.76 روپے کی مندی سے 2318.25 روپے اور یونی لیور فوڈز ایکس ڈی کے حصص کی قیمت بھی 50.03 روپے کی کمی سے 6250 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار ورلڈ کال ٹیلی کام کے حصص میں ہوا جو 5 کروڑ 54 لاکھ 12 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 2.66 روپے سے شروع ہو کر 3.06 روپے پر بند ہوئی جبکہ اینگرو پولیمر کے 2 کروڑ 15 لاکھ 53 ہزار 500 حصص کے سودے 30.55 روپے سے شروع ہو کر 29.57 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 33 کروڑ 47 لاکھ 25 ہزار 170 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 14 ارب 92 کروڑ 44 لاکھ 83 ہزار 652 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 100 کھرب 69 ارب 26 کروڑ 90 لاکھ 46 ہزار 765 روپے سے کم ہو کر 100 کھرب 67 ارب 13 کروڑ 81 لاکھ 84 ہزار 229 روپے رہ گیا۔

فیوچر ٹریڈنگ میں 111 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 3 کروڑ 86 لاکھ 51 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔

مصنف کے بارے میں