پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا کیس، وزیراعظم کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم

پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا کیس، وزیراعظم کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم
کیپشن: کیس میں شاہد خاقان عباسی وزیراعظم کے طور پر نہیں سربراہ ائر لائن کے طور پر پیش ہوں گے، چیف جسٹس۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نجی ائر لائنز کے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  ائر بلیو ائرلائنز کا سربراہ کون ہے۔ جس پر انہیں بتایا گیا کہ اس ائر لائن کے سربراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہیں۔

سپریم کورٹ نے ائر بلیو ائر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد خاقان عباسی سمیت شاہین ائر لائن اور سیرین ائر لائن کو نوٹس جاری کر دیا۔

مزید پڑھیں: نیب بہت سے معاملات پر اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے، نواز شریف

سپریم کورٹ نے حکم دیا آئندہ سماعت پر ذاتی طور پر تمام سربراہان کراچی رجسٹری میں پیش ہوں ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا معاملہ مفادات کے ٹکراؤ کا ہے اس کیس میں شاہد خاقان عباسی وزیراعظم کے طور پر نہیں سربراہ ائر لائن کے طور پر پیش ہوں گے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا پاکستان میں کتنی ایئر لائنز کام کر رہی ہیں ؟ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا پی آئی اے، شاہین، ایئربلیو اور سیرین ایئرلائنز کام کر رہی ہیں، پی آئی اے کے 108 افراد کے ڈیٹا کی سول ایوی ایشن نے تصدیق کر دی، 117 افراد کے ڈیٹا کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

چیف جسٹس نے پوچھا پی آئی اے کے کتنے اسٹاف کی تصدیق کرنی تھی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا 1978 افراد کی ڈگریوں کی تصدیق ہونی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں