3 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل، وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا۔

وزیراعظم عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ تین روز قبل سعودی عرب کا دورہ کرنے پہنچے تھے۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ وفاقی وزراء بھی تھے۔ سعودی عرب کی سرزمین پر ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم اپنے خصوصی طیارے پر مدینہ منورہ کی بابرکت سرزمین پر ننگے پاؤں اترے اور نبی کریم حضرت محمد ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

ائیرپورٹ سے وزیراعظم اور ان کے وفد کو روضہ رسول ﷺ لے جایا گیا جہاں انہوں نے اللہ کے حضور نوافل ادا کئے اور ملک کی سلامتی وترقی اور کورونا کی عالمی وبا کے سدباب کیلئے گڑگڑا کر دعائیں کیں۔

اس کے بعد وزیراعظم عمران خان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے مکہ معظمہ پہنچے، اس موقع پر بھی سعودی حکومت نے معزز مہمان کے اعزاز میں خانہ کعبہ کے دروازے کھول دیئے۔ وزیراعظم اور خاتون اول نے خانہ کعبہ کے اندر شکرانے کے خصوصی نوافل ادا کئے۔

اس کے بعد جدہ میں وزیراعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ان کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکوں کے درمیان نئے دور کا آغاز ہوا۔ اب پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اصل سرمایہ افتخار ہیں۔ میں انھیں یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہماری بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ایک ایسا پاکستان بنے گا جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا۔