عیدکے موقع پر سینماؤں کے دروازے بند، فلمیں ڈبوں میں بند رہیں گی

عیدکے موقع پر سینماؤں کے دروازے بند، فلمیں ڈبوں میں بند رہیں گی

لاہور : عید ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب ملک میں نئی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں لیکن گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی  کورونا وبا کی وجہ سے سینیما کے  دروازے اور فلموں کے ڈبے دونوں ہی بند پڑے ہیں۔

 مقامی سطح پر تیار کی جانے والے بہت سی فلمیں اس عید پر   سنیما گھروں کی زینت بن سکتی تھیں لیکن کورونا نے سارے کئے کرائے پر پانی پھیر دیا۔ان میں سب سے اہم  ہدایت کار نبیل قریشی اور فلم ساز فضا علی میرزا کی 'قائدِ اعظم زندہ باد'  تھی جس میں مرکزی کردار  فلمسٹار  فہد مصطفیٰ نے نبھایا ہے جب کہ اداکارہ ماہرہ خان ان کی ہیروئن  ہیں۔

اسی طرح دی لیجنڈ آف مولا جٹ کےزریعے سپر اسٹار فواد خان کے چاہنے والے انہیں سنیما اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔فلم میں حمزہ علی عباسی، حمیمہ ملک، ماہرہ خان اور گوہر رشید بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ہمایوں سعید کی لندن نہیں جاؤں گانامی فلم  کی پاکستان میں شوٹنگ تو تقریباً مکمل ہوچکی ہے لیکن لندن میں ہونے والی شوٹنگ حالات معمول پر آنے تک رکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے 'پنجاب نہیں جاؤں گی' کا سیکوئل تعطل کا شکار ہے۔

فلم ساز و اداکار شان شاہد فلم 'ضرار' کے ذریعے ایک بار پھر ایکشن فلموں کی دنیا میں واپس آ رہے ہیں۔فلم کی زیادہ تر عکس بندی لندن کے پائن اسٹوڈیوز میں ہوئی ہے ۔

'ٹچ بٹن' نامی منفرد فلم  میں نہ صرف ترک اداکاروں نے کام کیا ہے بلکہ فلم بنانے والے تکنیکی عملے میں سے کئی افراد کا تعلق ترکی سے ہے۔فلم میں فیروز خان، فرحان سعید، سونیا حسین اور ایمان علی جلوہ گر ہوں گے۔

اداکارہ صبا قمر کی فلموں میں واپسی فلم 'گھبرانا نہیں ہے' سے ہو گی جس میں ان کے ساتھ معروف اداکار زاہد احمد اور سید جبران بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

کراچی میں اپنے منفرد انداز اور کئی معروف ہونے والی کارروائیوں سے شہرت پانے والے پولیس افسر چوہدری اسلم کی زندگی پر بننے والی فلم 'چوہدری' میں شمعون عباسی، عامر قریشی، ارباز خان اور عدنان شاہ ٹیپو شامل ہیں۔ چوہدری اسلم کا کردار ان کے ساتھ طارق اسلام ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان کی پہلی ہارر کامیڈی فلم ’لفنگے‘ کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جن کی زندگی میں ایک نئے انسان کی آمد سے سب کچھ الٹ پلٹ ہوتا جاتا ہے۔

رواں برس چند اور فلمیں بھی نمائش کے لیے پیش کی جاسکتی ہیں جن میں سمیع خان، علیزے نصر اور فیضان خواجہ کی 'یارا وے'، جنید خان اور منشا پاشا کی 'کہے دل جدھر'، فواد خان اور ماہرہ خان کی 'نیلوفر'، ملٹی اسٹار 'منی بیک گارنٹی'، احسن خان کی 'رہبرا' اور 'چکر' شامل ہیں۔سرمد کھوسٹ کی فلم 'زندگی تماشہ' کو بھی اس سال اکیڈمی ایوارڈ میں بحیثیت پاکستان کی انٹری بھیجا گیا تھا لیکن فلم شارٹ لسٹ نہیں ہوسکی۔