قومی فاسٹ باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ، زمبابوے کو اننگز اور 147 رنز سے شکست، سیریز 0-2 سے پاکستان کے نام

ہرارے ٹیسٹ: زمبابوے کو میچ جیتنے کیلئے 158 رنز درکار، صرف ایک وکٹ باقی

 ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز شاہین شاہ آفریدی نے زمبابوے کے آخری کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھا کر ناصرف دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کی نمایاں کارکردگی دکھائی بلکہ  اپنی ٹیم کو جیت بھی دلا دی۔ زمبابوے کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوک جونگوی تھے جو 37 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ قومی ٹیم کے تین باؤلرز نے کسی ٹیسٹ میچ میں اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عالمی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس نوعیت کا چھٹا موقع ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف یہ سیریز  0-2 سے جیتی، اس نے پہلا ٹیسٹ بھی اننگز اور 116 رنز کے واضح فرق سے جیتا تھا۔
 قبل ازیں قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 510 کا پہاڑ کھڑا کر کے اننگز ڈکلیئر کر دی تھی، پاکستانی ٹیم کی اننگز کی سب سے خاص بات نوجوان بلے باز عابد علی کی ڈبل سنچری تھی جو  انہوں نے 407  گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 29 چوکوں کی مدد سے بنائی اور مجموعی طور پر 215 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

سابق کپتان اظہر علی نے بھی عابد علی کا بھرپور ساتھ دیا اور 126 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ  نعمان علی بھی خوب جم کر کھیلے اور 97 رنز بنائے مگر بدقسمتی سے 3 رنز کے فرق کیساتھ سنچری مکمل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور آؤٹ ہو گئے۔ 

پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز کے 510 رنز کے تعاقب میں زمبابوین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں پاکستان نے اسے فالو آن کروایا تو دوسری اننگز میں بھی زمبابوے کے کھلاڑی خزاں کے پتوں کی طرح جھڑتے رہے اور بالآخر پوری ٹیم 231  رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہر کرتے ہوئے 13 اوورز میں 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی نے 5,5 وکٹیں حاصل کیں اور یوں پہلی مرتبہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تین باؤلرز نے اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔