امام کعبہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

امام کعبہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے
سورس: file photo

اسلام آباد ، امام کعبہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب میں ان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی ۔ 

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز کعبۃ اللہ کے امام الشیخ عبد الرحمٰن السدیس نے مسجد الحرام کے دیگر اماموں کے گروپ کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، گروپ کے دیگر ممبران میں شیخ شریب، شیخ سعد شتری اور شیخ صالح حمید شامل تھے۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے امام کعبہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس کو انہوں نے قبول کرلیا اوربہت جلد پاکستان آنے کی خواہش کاا ظہار کیا ۔ 

  اس موقع پر وزیراعظم نے کورونا وبا کے پیش نظر ایس او پیز کے تحت حج انتظامات کو سراہا ور  زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر خادم حرمین شریفین کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر عازمین حج کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو خراج تحسین  بھی پیش کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امام کعبہ سے پاکستان کی ترقی اور پاکستانی عوام کی فلاح وبہود کے لیے دعا کی اپیل کی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کعبہ کے امام صاحبان کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستانی عوام آپ کی بہت تعظیم کرتے ہیں اور آپ کی آمد کے منتظر ہیں۔

اس موقع پر عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی بھی موجود تھے۔