(ن) لیگ کی سینئر قیادت کا لندن میں ہنگامی اجلاس طلب، بڑا فیصلہ متوقع

(ن) لیگ کی سینئر قیادت کا لندن میں ہنگامی اجلاس طلب، بڑا فیصلہ متوقع

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس لندن میں طلب کر لیا ہے جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف آج رات یا پھر کل برطانیہ روانہ ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ آج رات برطانوی ائیر لائن سے لندن روانہ ہوں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی بھی آج رات یا پھر کل لندن روانگی متوقع ہے اور ان کیساتھ وفاقی کابینہ کے اراکین احسن اقبال، مریم اورنگزیب، سعد رفیق اور خرم دستگیر بھی لندن جائیں گی۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ آصف، ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاءاللہ تارڑ اور خرم دستگیر بھی لندن جائیں گے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں۔ 
تمام پارٹی رہنماءبرطانوی ائیرلائن کی فلائٹ نمبر 2260 سے بدھ رات 12 بج کر 40 منٹ پر لندن کیلئے روانہ ہوں گے اور لندن اجلاس میں شرکت کے بعد جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے وطن واپس روانہ ہوں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اور انہوں نے ویڈیو لنک اجلاس کی تجویز مسترد کرتے ہوئے مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے اور (ن) لیگ کوئی بڑا فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نواز شریف، اسحاق ڈار سے مشاورت ہو گی جبکہ آئندہ انتخابات اور پنجاب میں کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق بھی پارٹی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔

مصنف کے بارے میں