لاہور میں ینگ ڈاکٹروں کی بے حسی،طبی امداد نہ ملنے پر ڈیڑھ سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق

لاہور میں ینگ ڈاکٹروں کی بے حسی،طبی امداد نہ ملنے پر ڈیڑھ سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق

لاہور: ڈاکٹروں کی بے حسی کے باعث  میو ہسپتال میں  دل کا مریض صادق اور ڈیڑھ سالہ بچی ثنا دم توڑ چکے ہیں۔ احتجاج پر موجود ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت مطالبات مانے گی تو ہسپتال جائیں گے۔

نیو نیوز سے گفتگو کرتے ینگ ڈاکٹر نے کہا کہ احتجاج پر صرف ینگ ڈاکٹرز ہیں سینئر ڈاکٹرز ہسپتال میں ہی ہیں انہیں چاہیے تھا کہ وہ مریضوں کا علاج کرتے ۔ میو ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا دھرنا مال روڈ پر تیسرے روز بھی جاری ہے جس سے مال روڈ پر ٹریفک بھی متاثر ہو رہی ہے۔25 اکتوبر کو میو ہسپتال میں ایک مریض کے لواحقین اور ینگ ڈاکٹروں کے درمیان جھگڑا ہوا، انکوائری کے نتیجے میں دو ڈاکٹروں کو معطل کر دیا گیا، تب سے لے کر اب تک ڈاکٹرز مسلسل ہڑتال پر ہیں اور خمیازہ مریضوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔

ینگ ڈاکٹرز نے میو ہسپتال سے نکالی جانے والی ریلی کے بعد مال روڈ کلب چوک پر آکر دھرنا دے دیا تھا ۔ مظاہرین معطل کئے جانے والے ڈاکٹرز اور نرس کی بحال کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ مظاہرین نے گذشتہ رات بھی کھلے آسمان تلے گزاری ، دھرنے کے باعث مال روڈ پر ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روز روز احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔