فاروق ستار نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

فاروق ستار نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فارون ستار نے والدہ کے کہنے پر سیاست اور  پارٹی سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا، اور کہا کہ امی کا حکم ہے کہ ایم کیو ایم میں بھی رہوں اور سیاست میں بھی رہوں ۔  

والدہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ خدا کی قسم !میں نے کوئی ڈرامہ نہیں رچایا ۔ انہوں نے کہا کہ صدمے کے بعد دل کھول کر آپ کے سامنے رکھا۔ امی کے حکم  کے آگے سر جھکاتےہوئے نئے عزم اور نئی توانائی کے ساتھ آپ کی محبت کے جواب میں سیاست میں بھی آتا ہوں اور ایم کیو ایم پاکستان کی دوبارہ ممبرشپ لیتا ہوں۔


فاروق ستار نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران الگ صوبے کی آواز بھی اٹھا دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو مہاجروں کا ایل صوبہ لائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے نام اور پتنگ کے نشان کے ساتھ ہی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب میں فاروق ستار کی والدہ کا کہنا تھا کہ میں نے بیٹے کو کہا کہ جیسے خدمت کر رہا ہے، کرتا رہ، جو تیرے ساتھ ہیں اور جو ساتھ نہیں سب کے لئے دعا کرتی ہوں۔ فاروق ستار کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے نے دن رات کام کیا، قدرکرنےوالوں نےقدرکی،نہ کرنےوالوں نےنہ کی۔ انہوں پی ایس پی کے کارکنان سے ایم کیو ایم میں واپس آنے کی بھی درخواست کی ۔ 
 

والدہ کے خطاب سے قبل فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مایوس ہو کر سیاست چھوڑ رہا ہوں ، مگر پارٹی کی خدمت کرتا رہوں گا۔ایم کیو ایم کا مشیر بن کر خدمت کرنے کیلئے تیار ہوں, سنجیدہ سیاست کر رہے ہیں اور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی والوں کی باتوں سےمجھے تکلیف ضرورہوتی ہےلیکن پی ایس پی والےمہاجروں کیلیےجو بھی کہیں،مجھے اس کی پروانہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست کرناچاہتےہیں،ہمیں مہاجرسیاست کی طرف دھکیلاجارہاہے۔