ہم نے دہشتگردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ہے، شاہد خاقان عباسی

ہم نے دہشتگردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ہے، شاہد خاقان عباسی

کراچی :  وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے متوسط طبقے لبرل پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے باعث پاکستان کاروبار کے لیے موزوں ملک ہے۔


کراچی میں ’’ ابھرتا پاکستان‘‘ اقدام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف ثقافتوں اور زبانوں پر مشتمل پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس میں کاروبار کے بے پناہ مواقع ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ہے ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتی جہاں دوسرے ناکام ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ سال قبل کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین شہر قرار دیا جا رہا تھا آج کراچی میں امن بحال ہو چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کراچی اتنا ہی پرامن ہے جتنا کہ نیویارک۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شرح نمو میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے افراط زر کی شرح کم ہوئی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی جانب راغب ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کنیزیومر مارکیٹ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے پاکستان کی کنزیومر مارکیٹ 8.3فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں پاکستان میں کام کرنیوالی کوئی ایسی کمپنی نہیں جس نے کبھی نقصان اٹھایا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط اور میڈیا متحرک ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ چند سال میں پاکستان متوسط طبقہ کی تعداد 10کروڑ ہو جائے گی وزیر اعظم پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ابھرتا پاکستان کو احسن اقدام قرار دیا اور کہا کہ ایکسپو کراچی سے کاروباری سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی ۔انہوں نے ایکسپو کراچی کے انعقاد میں سندھ حکومت کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ جو بھی ہو حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔