پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری کیلئے شین وارن سے رابطہ کرلیا

پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری کیلئے شین وارن سے رابطہ کرلیا

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن کی ٹی وی کمنٹری کیلئے لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن سے رابطہ کیا ہے جو پی سی بی کی اس پیشکش پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔


پی سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر شین وارن کے ساتھ کمنٹری کا معاہدہ طے پا گیا تو پی ایس ایل کی ٹیلی پروڈکشن کیلئے یہ سونے پہ سہاگہ ہوگا کیوں کہ وہ اس وقت دنیا کے مہنگے ترین کرکٹ کمنٹیٹر ہیں جو صرف انگلینڈ میں سکائی ٹی وی اور آسٹریلیا میں چینل نائن پر کمنٹری کرتے ہیں۔پہلے دو ایڈیشن کی طرح اس بار بھی ٹی وی پروڈکشن پاکستان کرکٹ بورڈ ازخود کررہا ہے اور بورڈ کا شعبہ مارکیٹنگ اس سلسلے میں سرگرم ہوچکا ہے۔


پی ایس ایل ہمسایہ ملک بھارت میں دکھانے کیلئے بھی پہلی بار انتظامات کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ڈی سپورٹس کیساتھ پی سی بی کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔دریں اثنا پاکستان سپر لیگ تھری میں ٹیموں کے انتخاب کیلئے ڈرافٹنگ کا عمل اتوار کو دوپہر دوبجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ جس میں شرکت کیلئے ڈین جونز اور ٹام موڈی سمیت بعض غیرملکی فرنچائز آفیشلز بھی ہفتے کو لاہور پہنچ رہے ہیں۔