ریاض میں طوفانی بارش، نظام زندگی معطل، انڈر پاسز میں پانی بھر گیا

ریاض میں طوفانی بارش، نظام زندگی معطل، انڈر پاسز میں پانی بھر گیا
کیپشن: فوٹو فائل

ریاض: دارلحکومت ریاض میں  تیز اور موسلادھار طوفانی بارش نے نظام زندگی کو معطل کردیا۔ اہم شاہراہیں پانی سے بھر گئیں جبکہ انڈر پاس پانی جمع ہونے کے باعث دریاوں کا منظر پیش کرتے رہے۔ درجنوں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ریاض اور گردو نواح میں بادل خوب جم کر برسے۔ آج دن کو 3بجے کے قریب بادلوں نے گھن گرج کے ساتھ برسنا شروع کیا کہ چاروں جانب پانی ہی پانی ہوگیا جس سے پورا شہر جھل تھل ہوگیا ۔
 شہر میں پانی بھر جانے سے معاملات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ شہر کے گرد معروف دائری جو کہ میلوں پر محیط روڈ ہے، اس پر پہلے بارش کے دوران ٹریفک جام ہوئی جبکہ بعد میں کچھ ہی دیر میں پانی بھرتا چلا گیا اور انڈر پاسز کے قریب گاڑیاں پانی میں بہتی چلی گئیں جن میں موجود افراد کو زندہ نکال لیا گیا تاہم کچھ افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔ بعض جگہوں پر سائن بورڈ بھی زمین بوس ہوگئے۔ صناعیہ قدیم میں نشیبی علاقہ ہونے کی وجہ سے پانی بھر گیا جس میں پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہوگیا جس سے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔

شہر کے دیگر اور پوش علاقوں میں بھی بارش کے پانی کی وجہ سے مسائل نے جنم لیا۔ انڈسٹریل ایریا میں بھی پانی جمع ہوا اور کئی وئیرہاوسز میں پڑا سامان متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 10روز تک موسم غیر یقینی رہے گا جبکہ آئندہ دنوں میں منطقہ شرقیہ اور تبوک ریجن میں بھی شدید بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔