لاہور، مال روڈ کے کنارے سونے والے خاندان کی مالی امداد کر دی گئی

لاہور، مال روڈ کے کنارے سونے والے خاندان کی مالی امداد کر دی گئی
ریسٹورنٹ کے مالک نے بچوں کو اسکول میں بھی داخل کروا دیا۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سوشل میڈیا

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مال روڈ کے کنارے کھلے آسمان تلے سونے والے غریب خاندان کو ڈھونڈ کر ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے نہ صرف مالی مدد کی بلکہ بچوں کو اسکول میں بھی داخل کروا دیا۔


واضح رہے کہ حال ہی میں لاہور میں مال روڈ کے کنارے سونے والے ایک خاندان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص کو اپنے 3 بچوں سمیت ایک ہی کمبل میں سرد رات میں سڑک کنارے سوتے ہوئے دیکھا گیا۔

تصویر دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گِل نے اس خاندان کو تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کی تھی تاکہ حکومت کی جانب سے مدد کی جا سکی۔

شہباز گِل نے مزید لکھا تھا کہ پنجاب حکومت لاہور میں 5 شیلٹر ہوم تعمیر کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پہلا شیلٹر ہاؤس 60 دن کے اندر تعمیر کر لیا جائے گا۔ تاہم حکومت سے پہلے ہی لاہور کے ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے سڑک کنارے سونے والی اس فیملی کو تلاش کر کے نہ صرف اس کی مالی مدد کی بلکہ بچوں کو اسکول میں بھی داخل کر وا دیا۔

مذکورہ ریسٹورنٹ مالک کی شناخت سامنے نہیں آئی تاہم سوشل میڈیا پر اس عمل کو بہت سراہا جا رہا ہے۔