ہمارے اتحادی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہمیں نقصان ہو، علی محمد خان

ہمارے اتحادی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہمیں نقصان ہو، علی محمد خان
کیپشن: image by facebook

لاہور: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ احتساب بلا تفریق ہونا چاہئے ، اتحادیوں پر یقین ہے کہ وہ ہمیں نقصان پہنچانے والا کام ہر گز نہیں کریں گے ۔ وزیر مملکت نے نیو ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرعمران خان کے رشتہ دار نہیں، پرانے کارکن ہیں، اسی طرح ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی عمران خان کے رشتہ دار نہیں ہیں۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بڑی مثالیں بنا رہی ہے، میں بھی عمران خان کا رشتہ دار نہیں ہوں، نہ ہی عثمان بزدار ان کے رشتہ دار ہیں، دیکھتے ہیں کہ مخالفین کب مثال بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت اور عمران خان سے لوگوں کو اتنی توقعات ہیں کہ معمولی سی کم زوری بھی نہیں دیکھنا چاہتے۔ کیوں کہ ماضی کے سب رہنما ناکام ہوچکے ہیں، اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے، عمران خان ہی اب آخری امید ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہر جماعت میں چھوٹے چھوٹے مسائل آتے رہتے ہیں جو حل ہو جاتے ہیں، ہمارے اتحادی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہمیں نقصان ہو۔