پی ایس ایل سیزن فائیو: پلے آف میچز کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد جاری

PSL Season Five: Foreign players continue to arrive for play-off matches
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے پلے آف میچوں کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کا آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

آج لاہور قلندرز اور کراچی کنگز پریکٹس میچ کھیلیں گی۔ اس سلسلے میں پہلا پریکٹس میچ گزشتہ روز 9 نومبر کو کھیلا گیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ فائیو (پی ایس ایل) کے پلے آف میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو شیڈول ہیں۔

اس سلسلے میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام غیر ملکی اور مقامی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں۔ رپورٹس آنے تک ان کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن، انگلینڈ کے روی بوپارا جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈین ویلاس اور کیمرون ڈیلپورٹ گزشتہ روز کراچی پہنچے تھے۔

اس کے علاوہ جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پاکستان آنے کی تیاریاں کر رہی ہے، اس سلسلے میں معاملات کو فائنل کیا جا رہا ہے۔ خبریں ہیں کہ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم آئندہ سال جنوری میں دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم پاکستان میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔

ادھر پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی ٹیم بھی جنوری 2021ء میں دورہ پاکستان پر غور کر رہی ہے جس کیلئے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن کے کامیاب انعقاد سے دنیا پر یہ چیز باور ہو چکی ہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی روک تھام پر خاص توجہ دی ہے اور کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے جنوبی افریقہ کے ممتاز کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ آمد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات اس چیز کا ثبوت ہے کہ ان سمیت دہگر کھلاڑیوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔