وفاق کے ٹرانسفارمرز اور خیبر پختونخوا کے سولر بلبوں کیساتھ مقابلے کیلئے تیار ہیں ، زرداری

وفاق کے ٹرانسفارمرز اور خیبر پختونخوا کے سولر بلبوں کیساتھ مقابلے کیلئے تیار ہیں ، زرداری

پشاور : سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب آج تک پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟ اگر آپ کونہیں پتہ کہ کیوں نکال تو آپ نکلے کیوں؟میاں صاحب کو پتہ تھا کہ انہیں غلط نکالا جا رہا ہے تو وہ وزیر اعظم ہاوس ہی خالی نہ کرتے، نواز شریف کو ہم نے نہیں نکالا بلکہ کچھ لوگ انہیں نکالنا چاہتے تھے جن کے خوف سے میاں صاحب نکل گئے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کو روزگار دینے کی کوشش کی ہے مگر شریف خاندان سے غریب آدمی سے روزگار چھینا ہے۔ اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ وفاق کے ٹرانسفارمرز اور خیبر پختونخوا کے سولر بلبوں کے ساتھ ہے ، کارکن ہمت رکھیں اور ان سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ غریبوں کا استحصال کیا ہے جبکہ ہم نے تمام بڑی بڑی صنعتوں کے 12فیصد شیئرز کے مالک وہاں کے مزدور ہیں، اگر انہوں نے کسی بھی ادارے کو پرائیوئٹ کرنے کی کوشش کی تو اس کو خریدنے کا پہلا حق وہاں کے مزدورں کا ہے۔ قوموں کو میاں صاحب اور عمران خان جیسے لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے ، ان کے بس میں ہوتو اس سارے ملک کو بیچ دیں۔ اگر پیپلز پارٹی چاہتی تو وفاق میں اپنی حکومت بنا سکتی تھی لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا کیوں کہ ہم انہیں ایک موقع دینا چاہتے تھے، اب ملک کے معاشی حالات اور دیگر معاملات انتہائی خراب ہو چکے ہیں ، پیپلز پارٹی نے ملک کی معیشت کو سہارا دیا تھا مگرانہوں نے ایک مرتبہ پھر اسے گرا دیا ہے۔