پاکستان نے کیو سی جی کا اجلاس اسی ماہ طلب کر لیا

پاکستان نے کیو سی جی کا اجلاس اسی ماہ طلب کر لیا

واشنگٹن: پاکستان نے افغان جنگ کے جلد خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی پر بات چیت کے لیے چار فریقی تعاون گروپ (کیو سی جی) کا اجلاس رواں ماہ 16 اکتوبر کو عمان کے دار الحکومت مسقط میں طلب کر لیا۔


اطلاعات کے مطابق افغانستان میں امن و استحکام کو بحال کرنے کے لیے پاکستان، امریکا، چین اور افغانستان پر مشتمل چار فریقی گروپ کا پہلا اجلاس گذشتہ برس جنوری میں منعقد کیا گیا تھا تاہم اب تک اس کے 5 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جبکہ آخری مرتبہ اس گروپ کا اجلاس پاکستان میں مری کے مقام پر مئی 2016 میں منعقد کیا گیا تھا۔


وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اپنے حالیہ دورہ امریکا کے دوران کہا تھا کہ پاکستان مسقط میں منعقدہ اجلاس میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا جبکہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش بھی کی جائے گی۔