سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی

سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی
کیپشن: عدالت نیب کو میرے خلاف تمام انکوائریز سے متعلق مطلع اور دو ہفتے تک مجھے گرفتار نہ کرنے کا حکم دے، سعد رفیق۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی۔قومی احتساب بیورو (نیب) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے جس سلسلے میں لیگی رہنما کو کئی بار طلب کر کے ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔

خواجہ سعد رفیق نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے 20 مارچ کو پیراگون سٹی کی تفتیش میں طلبی کے نوٹس جاری کیے۔ نوٹس کے جواب میں 28 مارچ کو تحریری جواب اور متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں۔ تفتیش کے طویل سیشن کے بعد نیب نے مزید دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی۔ نیب کی ہدایت پر 5 اپریل کو مزید دستاویزات بھی جمع کرائیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ میں کبھی بھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شئیر ہولڈر نہیں رہا۔ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی صورت میں دو ہفتے کا وقت دیا جائے۔ عدالت نیب کو میرے خلاف تمام انکوائریز سے متعلق مطلع اور دو ہفتے تک مجھے گرفتار نہ کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے جس جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔