ترک فوج کی شام میں کارروائی، 15 افراد ہلاک ہو گئے

ترک فوج کی شام میں کارروائی، 15 افراد ہلاک ہو گئے
کیپشن: ترک صدر رجب طیب اردوان نے آپریشن سینٹر میں کارروائی کا جائزہ لیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ترک میڈیا

دمشق: شام کے شمال مشرقی علاقے میں ترک فوج کی فضائی کارروائی میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔خبر ایجنسی کے مطابق شمال مشرقی شام میں ترکی نے فوجی فضائی حملے اور زمینی کارروائی شروع کر دی۔ اطلاعات کے مطابق ترک طیاروں کی بمباری سے 8 شہریوں سمیت 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے آپریشن سینٹر میں کارروائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن شام کی جغرافیائی وحدت کا تحفظ کرے گا اور مقامی لوگ دہشت گردوں سے آزاد ہوں گے۔

دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈومنک راب کا کہنا ہے کہ ترکی کی یک طرفہ کارروائی ناقابل قبول ہے۔ شام میں ترکی کی یک طرفہ فوجی کارروائی پر شدید تشویش ہے۔

ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ ترک فوجی اقدام سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو گا اور انسانی مصائب میں اضافہ اور داعش کے خلاف پیشرفت کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے۔