ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے پاک فوج کا جوان شہید

ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے پاک فوج کا جوان شہید
کیپشن: بھارتی فرسز کی جانب سے ایل او سی کے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فرسز کی جانب سے ایل او سی کے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان نعمت ولی شہید ہوا جب کہ دو خواتین زخمی بھی ہوئیں۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خواتین کا تعلق سریاں گاؤں سے ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی پوسٹ کو کافی نقصان پہنچا اور بھارتی فوجیوں کے جانی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔