چینی قیادت مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حامی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

چینی قیادت مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حامی ہے، ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں سنی جا رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ چینی قیادت مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حامی ہے اور پاکستان ہر سطح پر معاملہ اٹھا رہا ہے۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا باضابطہ اعلان ہو گا۔

 ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ملٹری لاک ڈاؤن 66 روز سے جاری ہے اور کشمیر دنیا سے مسلسل کٹا ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 3 امریکی صدارتی امیدواروں نے کشمیر میں بھارتی ظلم پر بات کی اور پاکستان نے چینی قیادت کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ امریکی کانگریس وفد نے مظفر آباد کا دورہ کیا اور کشمیری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں سنی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا زائرین کو عراق کے ویزے جاری ہو رہے ہیں ۔ سارک کونسل اجلاس میں بھارت نے اعتراض اٹھایا تاہم بھارت سے خیر کی توقع نہیں۔ سارک سربراہ اجلاس سے متعلق جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کرتار پور راہ داری مقررہ وقت پر کھولی جائے گی اور منموہن سنگھ کو کرتارپور راہداری افتتاح پر باضابطہ دعوت دیدی۔ کرتارپور راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل ہونے کو تیار نہیں اور دنیا خطے کو اسلحے کی دوڑ میں نہ دھکیلے،۔رافیل ہو یا کچھ اور 27 فروری کی طرح دفاع کرنا جانتے ہیں۔