ٹک ٹاک پر پابندی کیوں لگائی؟شہباز گل نے بتادیا

ٹک ٹاک پر پابندی کیوں لگائی؟شہباز گل نے بتادیا

اسلام آباد:پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپ پر پی ٹی اے کی جانب سے پابندی پر حکومتی ترجمان  ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے بھی وضاحتی بیان سامنے آگیا  ہے۔

تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم کو والدین کی طرف سے مسلسل ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد کے پھیلائؤ اورناپختہ ذہنوں پر اس کے پیدا ہونے والے اثرات کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی تھیں۔


شکایات کی روشنی میں جب تک ٹک ٹاک انتظامیہ ایسے موادکے پھیلائؤ کو روکنے کامیکانزم ترتیب نہیں دے لیتی ایپ پر پابندی عائدرہے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ پرائم منسٹرپورٹل کے ذریعے ان گنت والدین کی شکایات موصول ہوئیں کہ ٹک ٹاک پر چھوٹے بچے نامناسب سرگرمیوں کا شکار ہورہے ہیں جو ہمارے مذہب، ثقافت اور رہن سہن کے برخلاف ہیں۔


کمپنی کو شکایت کے ازالے کیلئے نظام متعارف کروانے کا کہا گیا ہے جس کی تیاری اور نفاذ تک وقتی پابندی لاگو رہے گی۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز پی  ٹی اے کی جانب سے غیر اخلاقی مواد کی روک تھام نہ کرنے پر چینی ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی جس کے بعد یہ موضوع ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔