ہانگ کانگ کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، چین

ہانگ کانگ کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، چین
کیپشن: انصاف کے حق میں بولنے پر پاکستان اور تمام ممالک کا اظہار تشکر کرتے ہیں، ترجمان چینی وزارت خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مباحثے کے دوران چین نے ہانگ کانگ کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے معمول کی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ انصاف کے حق میں بولنے پر پاکستان اور اُن تمام ممالک سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہانگ کانگ کے معاملے پر چین کی حمایت کی۔

ترجمان ہوا چونینگ نے مزید کہا کہ دوست ممالک کی حمایت سے ثابت ہو گیا کہ ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے معاملات کے بہانے چین کو بدنام کرنے کی مغربی ممالک کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں۔ اس سے یہ امید بھی بڑھ گئی کہ دنیا میں ابھی انصاف برقرار ہے۔

رواں ہفتے کے شروع میں پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے ہانگ کانگ کو چین کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خود مختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہیں۔

پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یہ بیان اقوام متحدہ میں جرمنی کی جانب سے ہانگ کانگ میں سیاسی آزادی کی خلاف ورزی اور سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں پر جبر کیخلاف جرمنی کے بیان کے جواب میں 55 ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے دیا تھا۔

منیر اکرام نے کہا کہ ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے اور کسی بھی ملک کے نیشنل سکیورٹی معاملات کا قانونی اختیار ریاست کے پاس ہوتا ہے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کے معاملات چین کے داخلی معاملات ہیں، ہانگ کانگ کے معاملات میں غیر ملکی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، پاکستان ہانگ کانگ سے متعلق چین کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔