کورونا ویکسینیشن مکمل کرنے والے افراد کو عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ

Saudi Arabia, Umrah, corona vaccination, MBS, Pakistan

ریاض: سعودی حکومت نے کورونا ویکسینیشن مکمل کرنے والے افراد کو ہی عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق آج سے کورونا ویکیسن کی دونوں خوارکیں لگوانے والے افراد ہی ، مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کرسکیں گے ۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق ایسے افراد جنہوں نے عمرہ کی پہلے سے ہی اجازت لے رکھی ہے لیکن ویکسین کی ایک ڈوز لگوائی ہے ، انہیں بھی دوسری ڈوز لگوانے کے بعد ہی عمرہ کی اجازت دی جائے گی ۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کے بعد معاشی ، معاشرتی اور مذہبی رسومات کی اجازت دی جا رہی ہے ۔

ادھر ، پاکستان میں بھی کورونا کے کیسز اور اموات میں کمی ہوئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 106 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 767 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 40 ہزار 584 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔

این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.88 فیصد رہی ۔ متاثرین کی مجموعی تعداد ، 12 لاکھ ، 57 ہزار، 955 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 2 ہزار 540 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔