ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد، قانون کے مطابق کارروائی کا حکم 

ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد، قانون کے مطابق کارروائی کا حکم 

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں انکوائری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے انکوائری کے خلاف پی ٹی آئی اور سینیٹر سیف اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت کی جس دوران عدالت نے استفسار کیا کہ اس حوالے سے مقدمات 19 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر ہیں، کیا یہ اسی طرح کا کیس ہے؟ 
وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ جی یہ وہی مقدمات ہیں، پہلے بینکنگ سرکل اور اب سائبر کرائم یہ انکوائری کررہا ہے جبکہ نامنظور ڈاٹ کام سے فنڈنگ سے متعلق سائبر کرائم نے نئی انکوائری شروع کی ہے۔
عدالت نے پہلے سے زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ مقدمات کے ساتھ درخواست منسلک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ درخواست میں پی ٹی آئی وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ایف آئی اے کو ایکشن لینے سے روکا جائے، تاہم پی ٹی آئی کو فوری حکم امتناع نہیں مل سکا اور عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ 

مصنف کے بارے میں