ممنوعہ فنڈنگ کیس، حامد زمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ممنوعہ فنڈنگ کیس، حامد زمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما حامد زمان کا 12 روزہ مزید جسمانی ریمانڈ مانگ لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بانی رہنما حامد زمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ضلع کچہری میں پیش کیا۔ 
ایف آئی اے نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ اہم سراغ ملے ہیں جن کی روشنی میں مزید تفتیش کرنا ہے، ہم نے ای میل آئی ڈی چیک کرانے ہیں۔ 
جوڈیشل مجسٹریٹ نے سوال کیا کہ یہ مان رہے ہیں کہ پیسے انصاف فنڈ میں گئے ہیں جس پر ایف آئی اے نے کہا کہ اگر یہ مان لیتے ہیں تو کیس ہی ثابت ہو جاتا ہے۔
حامد زمان کے وکیل نے کہا کہ تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے، گرفتاری کے بعد عدالت نے دیکھنا ہے کہ تفتیش میں کیا پراگریس ہوئی ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ تفتیشی ادارے کو مزید ریمانڈ کیلئے وجوہات بتانا ہوتی ہیں، اگر پچھلے ریمانڈ میں تفتیش نہیں ہوئی تو عدالت مزید ریمانڈ سے انکار کر سکتی ہے۔
جوڈیشنل مجسٹریٹ نے دونوں فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایف آئی اے کی جانب سے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ 

مصنف کے بارے میں