پاکستانی حکومت کا چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور

پاکستانی حکومت کا چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور
کیپشن: دونوں ملکوں کے درمیان منصوبوں اور قرض ادائیگی کی مدت بڑھانے کے آپشن زیر غور ہیں۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے اور چینی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں معاہدے پر دوبارہ مذاکرات پر آمادگی کا اشارہ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان منصوبوں اور قرض ادائیگی کی مدت بڑھانے کے آپشن زیر غور ہیں۔

اس حوالے سے مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ فی الحال تمام سی پیک منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے معاہدے ازسرِ نو کیے جائیں گے جن سے چینی کمپنیوں کو ناجائز فائدہ پہنچ رہا ہے اور پاکستانی کمپنیاں نقصان میں ہیں۔

دوسری جانب امریکی تھنک ٹینک ووڈرو ولسن سینٹر کے ایک عہدیدار مائیکل کوگل مین کا کہنا ہے کہ سی پیک کی رفتار کو سست کرنا نواز شریف کی سابق حکومت کی پالیسی کے برعکس ایک بڑی تبدیلی ہو گی۔