ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کریں گے، ٹیم کا مورال بلند ہے، سرفراز

ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کریں گے، ٹیم کا مورال بلند ہے، سرفراز
کیپشن: اگر ایشیا کپ میں متبادل کھلاڑی کی ضرورت ہوئی تو اے ٹیم بلا سکتے ہیں۔ سرفراز احمد۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور کیمپ میں گرم موسم کے باوجود کھلاڑیوں نے سخت محنت کی۔ کوشش کریں گے کہ تینوں شعبوں میں اچھا پرفارم کریں۔

کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے جس میں ٹاپ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ بھارت کے خلاف میچ بہت اہم ہے اور یہ میچ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہوگا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا، پہلے بیٹنگ کی تو 300 سے زائد رنز کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ ہماری بولنگ 300 رنز سے زائد کے ہدف کا دفاع کر سکتی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کسی ایک شعبے پر انحصار نہیں تمام شعبوں میں بھرپور محنت کریں گے۔ غیر ملکی کوچز پروفیشنل ہیں، کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر ہوئی ہے جبکہ ٹیم میں کافی چیزیں بہتر ہوئی ہیں اور بیٹنگ لائن ہدف حاصل کرنے کی قابلیت رکھتی ہے۔

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اے ٹیم بھی سیریز کھیلنے کے لیے دبئی میں ہی ہو گی اگر ایشیا کپ میں متبادل کھلاڑی کی ضرورت ہوئی تو وہاں سے ہی بلا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں موسم گرم ہےجبکہ رات میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہوگا اور رات کے وقت بیٹنگ تھوڑی مشکل ضرور ہو گی۔

سابق کپتان محمد حفیظ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کو ان کی ضرورت ہے اور امید ہے محمد حفیظ ورلڈکپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ڈیم فنڈز سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ڈیم کے لئے پاکستان ٹیم کی طرف سے 32 لاکھ روپے جائیں گے اور ہر کھلاڑی ڈیم کے لیے دو دو لاکھ روپے دے گا۔