اللہ نے چاہا تو نواز شریف جلد عوام کے درمیان ہوں گے، حمزہ شہباز

اللہ نے چاہا تو نواز شریف جلد عوام کے درمیان ہوں گے، حمزہ شہباز
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:  سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ایک بار پھر دھاندلی زدہ الیکشن کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا عدالتی جنگ کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں میں بھی آواز اٹھائیں گے، اللہ نے چاہا تو نواز شریف جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی اصل طاقت کارکنان ہی ہوتے ہیں، کارکنوں سے ان کا رشتہ سیاسی نہیں دل کا ہے۔حمزہ شہباز نے مطالبہ کیا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تحقیقات ہونی چاہئے، دھاندلی اس حکومت کو ہضم نہیں ہونے دیں گے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں حکومت کو پارلیمانی کمیشن بنانے پر مجبور کریں گے، عدالتی جنگ کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں میں بھی آواز اٹھائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا نواز شریف اور مریم نواز اس فیصلے کے نتیجے میں جیل میں ہیں جس پر جج کو بھی لکھنا پڑا کہ کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں ملے، اللہ نے چاہا تو نواز شریف جلد عوام کے درمیان ہوں گے، لوگ نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد جاتے ہیں۔عمران خان کی جانب سے شاہ خرچیوں کے حوالے سے بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ابھی میدان سجا ہے گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی، عوام کو بتائیں کیا شاہ خرچیاں ہیں، کنٹینر پر کھڑے ہو کر بات کرنا آسان لیکن حکومت میں آ کر کام کرنا مشکل ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان کی عادت ہے، زمین پر قبضے کرنے، اب نظام پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر نظام کے خلاف کوئی کوشش ہوئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت کی نااہلی ہے کہ دیہات میں چودہ اور شہروں میں سات گھنٹے لوڈ شیدنگ ہو رہی ہے، حکومت نے پہلے بھی وعدے کیے، کے پی کے وعدے وفا نہیں ہوئے، تین ہفتے ہو چکے ہیں، عمران خان کا کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا، آگے بھی امید نہیں ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ڈیمز کےلئے 130 ارب کی زمین نواز شریف نے قوم کو لے کردی، ڈیم کی لاگت 12 ارب ڈالر ہے، شوکت خانم ہسپتال نہیں، ڈیم کیلئے مکمل حکمت عملی طے کرنا پڑے گی۔