یوم عاشور، ملک بھر میں جلوس و مجالس، سیکیورٹی سخت

یوم عاشور، ملک بھر میں جلوس و مجالس، سیکیورٹی سخت
کیپشن: لاہور میں دس محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں عزادار نوحہ خوانی و سینہ کوبی کر رہے ہیں۔

کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہو گا جب کہ حیدر آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہو گا۔

‎سکھر میں یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ 44 میں سے 3 بڑے جلوس انتہائی حساس اور چار کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

لاہور میں دس محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔

راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین، امام بارگاہ کرنل مقبول اور ٹائروں والے امام بارگاہ سے برآمد ہوں گے۔ کوئٹہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو مومن آباد امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

پشاور میں یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ پارا چنار سمیت کئی شہروں میں عاشورہ کے جلوس برآمد ہوں گے۔

یوم عاشور پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت مختلف شہروں میں کہیں مکمل اور کہیں جزوی طور پر فون سروس بند کر دی گئی ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس بند رہے گی اور شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی آج بھی برقرار ہے۔

عاشورہ محرم کے موقع پر کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ بھر میں موبائل فون سروس صبح 6 سے رات 10 بجے تک معطل رہے گی جب کہ مظفرگڑھ کے چند حساس ترین مقامات پر موبائل فون سروس معطل رہےگی۔

پشاور، استور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بھی موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔