عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، وزیر خارجہ

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، وزیر خارجہ
کیپشن: بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت مسلسل ٹھکرائی، وزیر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

جینوا: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، عالمی برادری بھارتی مظالم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ہفتوں سے کشمیری حریت رہنما نظر بند ہیں اور مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے۔ آپ سب کو بی بی سی کے آرٹیکل کی کاپی دی ہے جس میں کشمیری اپنے منہ سے اپنے اوپر ہونے والے مظالم کی داستانیں بیان کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیلٹ گن کے شکار مریض اسپتال جانے سے بھی ڈرتے ہیں اور بھارت اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعوے دار کہتا ہے تاہم بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت بنانا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ادویات کی شدید قلت ہے۔ برطانوی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہو رہے مظالم کو بے نقاب کیا۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کروانے میں کردار کرے اور مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ مقبو ضہ کشمیر میں طوفان کے آنے سے پہلے کی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت ایک بار مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹا کر تو دیکھے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت مسلسل ٹھکرائی اور بھارت آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے،۔مقبوضہ کشمیر کا معاملہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے آپریشن کر سکتا ہے اور بھارت مقبوضہ وادی میں غیر ملکی مبصرین کو آنے کی اجازت دے اس کے ساتھ وادی میں پاکستانی قیادت کو بھی جانے کی اجازت دے۔ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کلسٹر اور ہیوی بموں کا استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپانے کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کا نام دیتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انسانی حقوق کونسل پر زور دیتا ہوں کہ وہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت نوٹس لے جب کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیریوں کے ساتھ ہے۔