وفاق آج بھی 2011 کی طرح سیلاب متاثرین کو اپنائے ، بلاول بھٹو

وفاق آج بھی 2011 کی طرح سیلاب متاثرین کو اپنائے ، بلاول بھٹو
کیپشن: امید ہے وفاقی حکومت کسان کی فصل کے نقصان کا معاوضہ بھی دے گی، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

عمر کوٹ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2011 کی طرح وفاق آج بھی سیلاب متاثرین کو اپنائے، شاہ محمود قریشی سے امید ہے وہ بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

عمر کوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پرکارکنوں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق عمر کوٹ کو بھی کراچی اور اسلام آباد کی طرح اپنائے کیونکہ پیپلز پارٹی کے دور میں سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ دیا گیا تھا، آج بھی سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ دینا ہو گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جب عمر کوٹ آتے ہیں تو اپنے مریدوں سے لے کر جاتے ہیں اب انہیں چاہیے کہ اس صورتحال میں بھی  یہاں آئیں اور اپنے وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں کو بھی یہاں لائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے کہا کہ جب  یہ لوگ آئیں تو آپ لوگوں نے انہیں تب تک جانے نہیں دینا ہے جب تک وہ وطن کارڈ کا اعلان نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو متاثرین کی مدد کرنا پڑے گی،امید ہے وفاقی حکومت کسان کی فصل کے نقصان کا معاوضہ بھی دے گی اور اگر متاثرین کوحق نہ دیا گیا تو اسلام آباد پہنچ کر انہیں مجبور کریں گے۔