پنجاب میں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ ، لاک ڈاؤن میں توسیع

پنجاب میں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ ، لاک ڈاؤن میں توسیع

لاہور: پنجاب میں کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر 3 ستمبرکے لاک ڈاؤن آرڈرمیں توسیع کرتے ہوئے پابندیاں بڑھا دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کوروناوائرس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، جس کے پیش نظر 3 ستمبرکےلاک ڈاؤن آرڈرمیں توسیع کرتے ہوئے پابندیاں بڑھا دی گئیں۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ کورونااضافےکے پیش نظر  پنجاب کے 15ہائی رسک اضلاع میں 15ستمبرتک پابندیاں مزید سخت کر دی ہے، 15ہائی رسک اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد،ملتان ، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب،بہاولپور ، گوجرانوالہ،رحیم یار خان، گجرات ،شیخوپورہ، سیالکوٹ ،بھکر شامل ہیں۔

سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ منتخب اضلاع میں تعلیمی ادارے15ستمبرتک بند رہیں گے ، مارکیٹ،کاروباری سرگرمیاں رات 8بجے تک جاری رہیں گی اور  ہفتہ ،اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا جبکہ ان ڈورڈائننگ پرپابندی ہوگی تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10بجےتک اجازت ہے۔

انھوں نے مزید کہا ہائی رسک اضلاع میں ان ڈورآؤٹ ڈور اجتماعات پرمکمل پابندی ہوگی، تمام جم بند رہیں گے ، تمام سرکاری،نجی دفاترمیں حاضری 50فیصد ہو گی۔

سیکرٹری صحت کے مطابق ان ڈور شادیوں کی تقریبات پرمکمل پابندی ہو گی تاہم آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات رات10بجےتک ہوں گی، آؤٹ ڈور شادی تقریب میں 300 افرادکی اجازت ہے۔

سیکرٹری کا کہنا تھا کہ 15ہائی رسک اضلاع کےمابین ٹرانسپورٹ بندرہےگی اور شہروں کےاندر ٹرانسپورٹ میں گنجائش 50فیصدہو گی جبکہ ایس اوپیز کے تحت ریل سروس 70فیصد گنجائش کے ساتھ چلتی رہے گی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ہائی رسک اضلاع میں مزار،دربار، جم اورسینما بندرہیں گے،ٹرانسپورٹ سروسزمیں ریفرشمنٹ پرپابندی ہو گی، تفریحی پارکس ، سوئمنگ  پولز، واٹراسپورٹس بندرہیں گے تاہم پبلک پارکس کوروناایس اوپیز کے مطابق کھل سکیں گے۔