اسلام آباد : پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے رابطہ عوام مہم شروع کرنے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم نے میڈیا اتھارٹی بل اور ای وی ایمز کو بھی مسترد کردیا۔
پی ڈی ایم کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں مختلف امور زیر بحث آئے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا پی ڈی ایم کے جلسوں کیلئے عوام سے رابطہ کیا جائے، اجلاس میں جلسوں،روڈ کارواں کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت کی نااہلی کیخلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا، عوام کو نااہل حکومت کی 3 سالہ ناقص کارکردگی بارے آگاہ کیا جائے گا۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم موجودہ حکومت کو نااہل اور عوام پر زبردستی مسلط کردہ سمجھتی ہے ۔اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ کانفرنس کا نام آئین کی عملداری،معاشی زبوں حالی،میڈیا اور عدلیہ کی آزادی ہوگا۔ حکومت یکطرفہ انتخابی اصلاحات اور ای وی ایم مشین کا فیصلہ کررہی ہے، پی ڈی ایم حکومت کے کے ان فیصلوں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا اتھارٹی ڈویلپمنٹ کے نام سے بل اسمبلی میں لایا جارہا ہے، کسی صحافتی تنظیم یا سیاسی جماعت کو اس بل پر کوئی تحریری رپورٹ نہیں دی گئی ۔ میڈیا اتھارٹی ڈویلپمنٹ بل کو اظہاررائے کی آزادی سلب کرنے کے مترادف سمجھتے ہیں، پی ڈی ایم اس بل کیخلاف صحافی تنظیموں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پی ڈی ایم صحافی تنظیموں کے ساتھ اس بل کو مسترد کرتی ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ حکومت کو الیکشن کمیشن کے 37 اعتراضات کا جواب دینا چاہئے تھا، حکومتی وزرا نے جواب دینے کے بجائے الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ کی توہین کی، حکومتی وزرا نے الیکشن کمیشن پر دیگرالزامات سمیت پیسے لینے کا الزام لگایا، وزرا نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی دھمکی دی۔ حکومت تمام اداروں کو اپنے ماتحت لانا چاہتی ہے اورمرضی کے قوانین چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کاقیام چاہتی ہے۔ 14 اکتوبر کو جمعیت علمائے اسلام کے زیراہتمام کانفرنس ہوگی ۔ 14 اکتوبر کو پشاور میں ہونے والی کانفرنس میں پی ڈی ایم جماعتوں کو دعوت دی ہے ۔ پی ڈی ایم 16 اکتوبر کو فیصل آباد میں جلسہ کرے گی ۔ 19 اکتوبر کو پی ڈی ایم ڈیرہ غازیخان میں جلسہ کرے گی۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور بہترین دوست ہے، پاکستانی طلبا کی ایک کثیر تعداد چین میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرتی ہے، پاکستانی طلبا چھٹیوں میں چین سے پاکستان آئے تھے۔ اب یہ طلبا واپس جانا چاہتے ہیں جنہیں چین کی حکومت اجازت نہیں دے رہی، چین کی حکومت سے گزارش ہے وہ ان طلبا کو واپس آنے کی اجازت دے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کو پی ڈی ایم سمیت الیکشن کمیشن نے بھی مسترد کیا ہے۔نااہل حکومت تمام اداروں کو بلڈوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے اگر حکومت الیکشن کمیشن کیخلاف کوئی فیصلہ کرتی ہے تو پی ڈی ایم اپنا ردعمل دے گی اگر آج الیکشن ہوتا ہے تو پی ڈی ایم اس کیلئے پوری طرح تیار ہےپی ڈی ایم چاہتی ہے ملک میں صاف اور شفاف انتخابات ہوں۔