کلبھوشن یادو پھانسی : بھارت کا پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار

 کلبھوشن یادو پھانسی : بھارت کا پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار

نئی دلی: پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت دینے کے رد عمل میں بھارت نے سزا مکمل کرنے والے پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا۔ 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کی توثیق پر بھارتی حکومت تلملا اٹھی اور اس حوالے سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے جس میں بھارت نے نہ صرف پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا بلکہ قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی شروع کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا ہے جب کہ بھارت نے جن پاکستانیوں کی رہائی سے انکار کیا وہ 2 روز بعد قانونی طور پر اپنی سزا مکمل کرکے رہائی پانے والے تھے۔

بھارتی حکام نے کہا ہماری حکومت سمجھتی ہے کہ اس وقت پاکستانی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ یہ ان کی رہائی کے لیے درست وقت نہیں ہے۔

واضح رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا گیا تھا، کلبوشن یادیو پاکستان کے خلاف تخریب کاری اور بد امنی پھیلانے میں ملوث تھا جس کا اس نے مجسٹریٹ کے سامنے اور ویڈیو بیان میں اعتراف بھی کیا تھا۔