سعودی عرب کی ارب پتی شخصیت کے بیٹوں کا سوتیلی ماں پر فراڈ کا مقدمہ

سعودی عرب کی ارب پتی شخصیت کے بیٹوں کا سوتیلی ماں پر فراڈ کا مقدمہ

جدہ: سعودی عرب میں ایک ارب پتی کاروباری شخص کے بیٹوں نے اپنی سوتیلی ماں کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ معروف کاروباری شخص فوڈ پراڈکٹس بنانے والی کمپنی کا مالک ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 1ارب سعودی ریال ہے۔

اس کے بیٹوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ ”ہمارا باپ انتہائی عمررسیدہ ہے اور درست فیصلہ کرنے کی حالت میں نہیں۔ جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہماری نوجوان سوتیلی ماں نے عدالت سے ہمارے باپ کی تمام دولت کو کنٹرول کرنے کا مختارنامہ حاصل کر لیا ہے۔“

بیٹوں نے درخواست میں مزید لکھا ہے کہ ”ہماری سوتیلی ماں ہمارے باپ کے اکاﺅنٹ سے 27کروڑ ریال کی رقم بھی چوری کر چکی ہے۔ لہٰذا اس تمام معاملے اور ہماری ماں کی مالی سرگرمیوں کی تحقیقات کی جائیں۔“ ذرائع کے مطابق حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جن میں معلوم ہوا ہے کہ درخواست دہندگان کے والد کی عمر 80سال سے زائد جبکہ اس کی بیوی صرف 30سال کی ہے۔
قبل ازیں یہ خاتون بھی عدالت میں پیش ہو چکی ہے جہاں اس نے درخواست دائر کی تھی کہ اس کا شوہر انتہائی عمررسیدہ ہے اور ذہنی حالت کے اعتبار سے وہ کاربار سنبھالنے کے قابل نہیں۔ اس درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے خاتون کو اپنے شوہر کا تمام کاروبار اور دولت سنبھالنے کا حق دے دیا تھا۔ اب اس درخواست کے خلاف اس کے بیٹوں کا کہنا تھا کہ ان کی ماں نے ان کی مشاورت کے بغیر یہ درخواست دی تھی، چنانچہ اس پر دیئے گئے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے.