چینی بحریہ کی کاروائی ، سمندری قزاقوں سے جہاز چھڑا لیا

چینی بحریہ کی کاروائی ، سمندری قزاقوں سے جہاز چھڑا لیا

بیجنگ :چین کی عوامی آزادی فوج (پی ایل اے) بحریہ کے عملے نے عدن میں اغوا کیے گئے ایک جہاز کو سمندری قزاقوں سے رہائی دلادی،چینی بحریہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے 25ویں بحری بیڑے کا ایک جہاز جو خلیج عدن اور صومالی سمندری علاقے میں ایک مشن پر تھا اسے پیغام ملا کہ قزاقوں نے یولین کا ایک جہاز اغوا کرلیا ہے ۔

چنانچہ اغوا شدہ جہاز کے عملے کے ساتھ رابطے کے کچھ دیر بعد چینی بحری بیڑے نے پیر کی صبح اپنا آپریشن شروع کردیا،چینی بحری بیڑے کے 16اہلکار اغوا شدہ جہاز پر اترگئےاور وہاں عملے کے 19افراد کو رہا کرالیا،اب یہ 19افراد چینی بحریہ کی حفاظت میں ہیں اور چینی بحریہ کے اہلکار اغوا شدہ جہاز کی مکمل تلاشی لے رہے ہیں کہ وہاں کوئی خطرناک مواد تو موجود نہیں ہے۔