پشاور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میٹرو لاہور پر تنقید کرنیوالے عمران کو پشاور میں 5 سال بعد میٹرو یاد آئی، پاکستان کو عظیم بنانے کے لیے اپنی جان لڑادیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کا پشاور میں ورکرزکنونشن، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سراج خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ پہلی مرتبہ پشاور نہیں آیا، پہلے بھی کئی مرتبہ آچکا ہوں، پشاور میرا دوسرا نہیں پہلا گھر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پی ایس میں معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ عوام اور پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کا خاتمہ ہوا ہے.
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے امریکی امداد ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، پارٹی کو دیانت کے ساتھ پورے ملک کی عظیم سیاسی قوت بنائیں گے۔ بہت جلد ملک بھر سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ نواز شریف ہمارے کل بھی قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پشاور کی عوام سے سوال کیا کہ کیا جھوٹ بولنے والا پاکستان کی خدمت کرسکتا ہے؟ خیبرپختونخوا میں ایک بھی بڑا ہسپتال نہیں، بلین ٹری سب سے بڑا فراڈ ہے، یہاں تو میٹرو بس کی جگہ سڑکوں پر گہرے گھڑے نظر آئے۔ مجھے یاد ہے کہ عمران خان 5 سال پہلے اعلان کیا تھا کہ پورے صوبے کی عوام کو مفت بجلی دوں گا مگر ایسا کچھ نہیں ہوا۔ آپ نے دیکھا کہ جب پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے تھے۔ عمران خان نے دعوے کیے اور ہم نے اپنے وعدے پورے کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 2018 میں موقع دیا تو پشاور میں میٹرو بنا کر دیکھا دوں گا۔ پی ٹی آئی کی سیاست دھرنے، معیشت تباہ کرنا، سول نافرمانی کی تحریک ہے۔ عمران خان کی بڑھکیں صرف قصہ ہیں۔