آصف زرداری کا لاڑکانہ میں گلوکارہ کے قتل کا نوٹس، قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت

آصف زرداری کا لاڑکانہ میں گلوکارہ کے قتل کا نوٹس، قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے لاڑکانہ میں گلوکارہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے رقاصہ ثمینہ سندھو کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے ورثا سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کے قریب گوٹھ کنگا میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں مقامی رقاصہ ثمینہ سندھو جاں بحق ہوگئی تھی۔ تقریب کے دوران بعض تماشائیوں نے اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رقاصہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد نشے میں تھے، جنہوں نے رقص کے دوران مدہوش ہو کر فائرنگ کی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس تنویر حسین تنیو سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔