حکومت نے شریف خاندان کیخلاف نئے مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا

حکومت نے شریف خاندان کیخلاف نئے مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا
حکومت نے شریف فیملی کے خلاف نئے کیسز کی تیاری مکمل کر لی ہے، محمود الرشید۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ آفیشل فیس بُک پیج

لاہور: حکومت نے شریف خاندان کیخلاف کرپشن کے نئے مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف پنجاب کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔ نئے نظام کے مسودے کو منظوری کے لیے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔


اجلاس کے بعد صوبائی وزیر میاں محمودالرشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شریف فیملی کے خلاف نئے کیسز کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں نے نئے کیسز کے لیے مواد اکٹھا کر لیا۔

میاں محمودالرشید نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف پہلے پرانے کیسز تھے مگر اب نئے مقدمات دائر ہونگے، وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو شریف فیملی کے خلاف کرپشن کی معلومات سے آگاہ کیا اور مزید کرپشن بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔