عبدالرزاق داؤد نے مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کر لیا

عبدالرزاق داؤد نے مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کر لیا
کیپشن: ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے ہمیں مزید محنت کرنا ہو گی، رزاق داؤد۔۔۔۔فوٹو/ فیس بُک

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آگے بڑھے گا اور رکاوٹیں جلد دور ہوں گی جبکہ گزشتہ چند ماہ میں ملکی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 2 سے 3 سال میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور دنیا کے متعدد ممالک کے مطابق پاکستانی مصنوعات کا معیار بہتر ہے۔ یورپ کے بہت سے ممالک کا کہنا ہے کہ پاکستان ابھی آگے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے ہمیں مزید محنت کرنا ہو گی اور کوشش کر رہے ہیں کہ سپلائی چین بہتر ہو جائے۔

مشیر تجارت نے مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں شک نہیں کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے لیکن مہنگائی کے بڑھنے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان آگے بڑھے گا اور ان شااللہ تمام مشکلات جلد حل ہو جائیں گی۔