ملک بھر میں 4781 افراد کورونا سے متاثر، 727 صحتیاب ہو گئے

ملک بھر میں 4781 افراد کورونا سے متاثر، 727 صحتیاب ہو گئے
کیپشن: پنجاب میں کورونا وائرس سے ہونی والی اموات کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور یہ تعداد 4700 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں اس وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم اس کے باوجود دنیا بھر کی طرح یہاں بھی اس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

26 فروری کو پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر آج 45 دن گزرنے تک کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا تاہم اپریل کے مہینے میں یہ اضافہ دوگنا ہو گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1214 تک پہنچ چکی ہے۔

اپنے ایک پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کیے، جس میں مزید 86 افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 358 ہوگئی ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک موت بھی ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 22 ہوگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ یہ موت میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی، جن کا ٹیسٹ 8 مارچ کو مثبت آیا تھا تاہم بعد ازاں ان کا 2 مرتبہ ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے ان میں پھیپھڑوں اور دیگر امراض نمودار ہوئے اور وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت نے ان 86 کیسز کی تفصیل بتائی اور کہا کہ کراچی میں 84، حیدرآباد میں ایک، سجاول میں ایک کیس رپورٹ کیا گیا جبکہ ایک فرد جس کا انتقال ہوا وہ بھی کراچی میں ہی تھا۔ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ یہ تمام کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں۔

پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 56 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 2336 ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ701 زائرین سینٹرز، 733 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 80 قیدیوں اور 822 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ترجمان نے صوبے میں کورونا سے مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے پنجاب میں اموات کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں کورونا کے 39 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 656 ہوگئی۔ بیان میں کہا گیا کہ اعداد و شمار میں تصحیح کی گئی ہے۔محکمے نے صوبے میں کورونا سے مزید 3 اموات کی بھی تصدیق کی، سوات میں تبلیغی سفر کی تاریخ رکھنے والے 75 سالہ، مالاکنڈ میں 80 سالہ اور لوئر دیر میں تبلیغی سفر کی تاریخ رکھنے والے 51 سالہ مریض جاں بحق ہوئے۔یوں صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی۔ سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 102 سے بڑھ کر 107 تک پہنچ چکے ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 220 ہوگئی ہے۔

 دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی 2 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔ ان نئے کیسز کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں متاثرین کی تعداد 213 سے بڑھ کر 215 ہوگئی۔