تمام صوبوں کو امدادی سامان فراہم کر رہے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے

تمام صوبوں کو امدادی سامان فراہم کر رہے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے
کیپشن: این ڈی ایم اے تمام صوبوں کو سامان فراہم کر رہا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفیٹننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ ادارہ تمام صوبوں کو سامان فراہم کر رہا ہے۔اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سامان وفاقی حکومت کے ذرائع سے لیا گیا ہے اور سامان کی خریداری میں کوئی صوبائی فنڈ استعمال نہیں ہوا۔ چین سے آنے والا سامان تمام صوبوں کو فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے 11 آرمی لیبارٹیز میں بھی ٹیسٹنگ کی سہولت دی ہے اور ملک میں 30 سے 40 ہزار ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے، پاکستان میں 75 دن تک ٹیسٹنگ کی سہولت اس وقت موجود ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے تمام صوبوں کو سامان فراہم کر رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کے چھوٹے بڑے اسپتالوں کو سامان پہنچ چکا ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے کا خصوصی جہاز چین سے امدادی سامان لے کر آج صبح پاکستان پہنچ گیا ہے اور گزشتہ روز بھی بیجنگ سے امدادی سامان لے کر ایک جہاز آیا تھا۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ چین میں پاکستانی مشنز کورونا سے لڑائی میں حکومت اور این ڈی ایم اے کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں اور تمام امدادی سامان این ڈی ایم اے کے لیے بھیجا گیا ہے۔